بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت کی یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کو بند نہ کرنے کی یقین دہانی، ملازمین سے مذاکرات کامیاب

وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کو بند نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت اور یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کے وفد کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ وفاقی وزیر رانا تنویر کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کوئی یکطرفہ اقدام نہیں کیا جائے گا۔ ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹور علی عامر کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا گیا کہ کسی غریب کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا۔
حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹور بند نہ کرنے کے فیصلے سے متعلق یقین دہانی کرا دی ہے، یوٹیلیٹی اسٹور کی سبسڈی ختم نہ کرنے کا مطالبہ تسلیم کرلیا گیا ہے۔
اس سے قبل یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کے وفد نے وفاقی وزیر رانا تنویر سے ملاقات کی۔ ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن اور سیکرٹری صنعت وپیداوار بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر رانا تنویر نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کو بند کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں، یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کی تنظیم نو کے مختلف آپشنز پر کام ہو رہا ہے، شفافیت لانے کے لئے سبسڈی کا نیا طریقہ کار واضع کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یو ایس سی بند کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی یکطرفہ اقدام نہیں کیا جائے گا، تمام فیصلے ملازمین سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہوں گے، تمام گورنمنٹ ملازمین کے مفادات کا تحفظ کیا جائیگا۔
ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹور علی عامر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ کسی غریب کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا۔مذاکرات کے دوران وزیراعظم ہاؤس سے کال آئی کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، ادارے کی ری اسٹرکچرنگ ہوگی۔