بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جمہوریت کی باتیں کرنے والے بوٹ کے آگے لیٹ گئے، عمران خان

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں 2 نئی انٹریاں ہونے والی ہیں ایک یہ کہ نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگا کر بوٹ کو عزت دے دی اور دوسری انٹری بھی نواز شریف کی ہی ہوگی کہ 4امپائروں کو ملا کر کھیلنے کے بعد بھی میچ ہار گیا۔
وی نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اڑھائی سال تک ووٹ کو عزت دو کا کہتے رہے فوج اور مارشل لاؤں پر تنقید کرتے رہے، خواجہ آصف نے بھی فوج کو جتنا برا بھلا کہا کسی نے نہیں کہا، احسن اقبال نے پہلی مرتبہ حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا بتایا، احسن اقبال نے فوج سے متعلق کہا تھا یہ ریاست کے اندر ریاست ہے، احسن اقبال یہ بھی کہتے رہے پاکستان میانمار بننے جارہا ہے‘۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب بھی مذاکرات کی بات ہوتی ہے انہیں 9مئی کا شور مچاتے ہیں، 9مئی ان کی انشورنس پالیسی ہے۔ 9مئی ختم ہوا تو ان کی حکومت اور سیاست دونوں ختم ہوجائینگی۔

جمہوریت کی باتیں کرنے والے بوٹ کے آگے لیٹ گئے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ 9مئی کی تحقیقات کرنی ہے تو اس کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ مجھے اغوا کرنے کا جس نے حکم دیا اور جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کی 9مئی کی سازش اسی نے کی۔
انہوں نے کہا کہ دوسری پارٹی کو میچ کھیلنے ہی نہیں دیا گیا، نواز شریف کو جتانے کے لیے 74ہزار ووٹ ڈلوائے گئے۔ نواز شریف کو یاسمین راشد سے جتوانے کے لیے 74ہزار ووٹ ڈلوائے گئے۔
’بات چل رہی ہے مذاکرات کی، محمود خان اچکزئی حکومت سے بات کررہے ہیں، بات چیت کے لے ہمیشہ تیار ہیں‘۔
سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ بات ان کے ساتھ ہوگی جو با اختیار ہیں، جو ان کو لے کر آئے ہیں۔ ان سے بات کرنا الیکشن میں ان کے ڈاکے کو تسلیم کرنا ہے۔
’ہمارے 8 ستمبر کے جلسے کے تین مقاصد ہیں، ایک مقصد چوری کیا ہوا مینڈیٹ پی ٹی آئی کو واپس کیا جائے، دوسرا مقصد قبضہ گروپ سے ملک کو حقیقی آزادی دلانی ہے، تیسرا مقصد ملک میں آزاد عدلیہ ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننا پاکستان کے لیے اعزاز ہوگا۔ اگر چانسلر نہ بن سکا تو بھی کوئی بات نہیں۔ پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ میں اس مقام تک کوئی نہیں پہنچا جہاں میں پہنچا ہوں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ فلاحی کام میں نے کیے ہیں، 2اسپتال بنائے، 2یونیورسٹیاں بنائیں اور ایک یونیورسٹی بن رہی ہے۔