گزشتہ روز لاہور میں کینال روڈ پر طیفی بٹ کے بہنوئی کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے میں امیر بالاج کے بھائی امیر فتح، قیصر بٹ اور 2 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا جبکہ نامزد ملزم قیصر بٹ نے واقعے سے لاتعلقی کا بیان جاری کر دیا۔
لاہور کے تھانہ اچھرہ میں مقتول جاوید بٹ کے بیٹے حمزہ جاوید کی مدعیت میں درج مقدمے میں 302 ،324 اور 334 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جاوید بٹ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بچوں کو اسکول سے لانے کے لیے روانہ ہوئے، ایف سی انڈر پاس کے قریب اشارے پر دو موٹرسائیکلز پر سوار 4 افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر جاوید بٹ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اہلیہ ثمینہ جاوید زخمی ہو گئیں۔
مقتول جاوید بٹ کے ورثا نے مقدمے میں امیر بالاج ٹیپو کے بھائی امیر فتح، قیصر بٹ اور دو نامعلوم افراد کو نامزد کیا ہے۔
تاہم نامزد ملزم قیصر بٹ نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ان کا جاوید بٹ کے قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے، وہ پولیس کے سامنے سرنڈر کریں گے اور پولیس کو مطمئن کریں گے۔
واضح رہے گزشتہ روز لاہور کے علاقے کینال روڈ پر ایف سی کالج انڈر پاس کے قریب ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور خاتون زخمی ہوگئی تھی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کی شناخت جاوید بٹ کے نام سے ہوئی ہے جو طیفی بٹ کا بہنوئی تھا۔
یاد رہے کہ رواں برس 19 فروری کو لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب نجی سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران حملہ آوروں نے فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کر دیا تھا۔
ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کے مقدمے میں گوگی بٹ اور طیفی بٹ کے احسن شاہ کے ذریعے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کروانے کا الزام عائد ہے۔