قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، جس کا 30 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا، سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے سمیت کئی اہم نجی بل پیش کیے جائیں گے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج 11 بجے ہوگا، 30 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل اجلاس میں آج نجی کارروائی کا دن ہے۔
عدلیہ سے متعلق اہم قانون سازی بھی ایجنڈے پر موجود ہے جس میں سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے کے حوالہ سے حکومتی رکن دانیال چوہدری کا نجی بل بھی شامل ہے، اس کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 23 کرنے کی تجویز ہے، جس کے لیے 1997 کے ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی۔
آرٹیکل 51، 59 ، 177، 193 اور 208کے علاوہ 184 میں ترامیم کے لئے نور عالم خان آئینی ترمیمی بل پیش کریں گے، مختلف کرمنل قوانین میں ترامیم کے لئے سہیل سلطان ترمیمی بل پیش کریں گے جبکہ آئین کے آرٹیکل 198 میں ترمیم کے لیے چنگیز احمد خان آئینی ترمیمی بل پیش کریں گے۔
اقلیتوں کے تحفظ کے اقدامات، وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی، کھیلوں کے قومی منصوبہ جات کے فروغ کے لیے مختلف قراردادیں ایوان میں پیش کی جائیں گی۔
کارپوریٹ فارمنگ کے لیے 4.8 ملین ایکڑ اراضی دئیے جانے کے معاملے اوربیرون ملک پیشہ ور پاکستانی مافیا کے متعلق الگ الگ توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش کیا جائے گا۔