وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے تعاون سے گرین ٹرانسپورٹ سسٹم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
چونگ چھنگ سی آر آر ہینگ ٹونگ کے چیئرمین لیو جن ہوا کی سربراہی میں چینی وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے اس شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین زندگی کے بہت سے شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے اور ہم ان کے تعاون اور مہارت سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں۔
گوادر پرو کے مطابق اس منصوبے کا مقصد پنجاب بھر میں 5,000 الیکٹرک بسیں متعارف کرانا ہے، جس کا آغاز بڑے شہروں میں 1000 بسوں سے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بڑے شہروں کے عوام کے لیے مکمل گرین ٹرانسپورٹ سسٹم چاہتے ہیں۔ انہوں نے الیکٹرک گاڑیوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی پر روشنی ڈالی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں چین کی مہارت وں سے فائدہ اٹھانے کے لئے جوش و خروش کا اظہار کیا۔
گوادر پرو کے مطابق مریم نواز شریف نے وفد کو یقین دلایا کہ چینی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو لاہور میں خوش آمدید کہا جائے گا اور ان کی مکمل حمایت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر ضلع میں بلٹ ٹرین، میٹرو بسیں اور بجلی سے چلنے والی بسیں چلانا چاہتے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق چینی وفد نے وزیراعلی کو ای ٹرانسپورٹ کیلئے یونیفائیڈ چارجنگ سسٹم اور بس اسٹاپ منی شاپنگ مال ماڈل پر بریفنگ دی۔