عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے پروگرام کی حتمی منظوری مزید تاخیر کا شکار ہوگئی۔ تاہم پیشگی شرائط پوری ہونے کے بعد پاکستان کا ایجنڈا شامل ہونے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے ایگزیکٹو بورڈ کے ستمبر کے مزید اجلاسوں کا کیلنڈر جاری کیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف اجلاسوں میں پاکستان کا ایجنڈا شامل نہیں ہے۔
9 اور 13 ستمبر کے اجلاسوں کے شیڈول کے مطابق 9 ستمبر کے اجلاس میں بھوٹان جب کہ 13 ستمبر کے اجلاس میں ناروے کا کیس شامل ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کرنے کیلئے پر امید ہے تاہم پاکستان کو تاحال بیرونی فنانسنگ گیپ کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، پیشگی شرائط پوری ہونے کے بعد پاکستان کا ایجنڈا شامل ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 12 جولائی کو ہوا تھا۔
پروگرام کی حتمی منظوری سے متعلق وزیر خزانہ کا مؤقف ہے کہ ایکسٹرنل فنانسنگ گیپ پورا کرنے کیلئے ایڈوانس اسٹیج پر ہیں، اس ماہ قرض پروگرام کی آئی ایم ایف سے منظوری ملے گی۔