اسلام آباد:دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی شرکت متوقع ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کی 23 ویں فارن اکنامک ٹریڈ کا اجلاس 12 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کے لیے پاکستان نے دعوت نامے بھیج دیے ہیں، امید کرتے ہیں پاکستان بنگلہ دیش تعاون مزید بڑھے گا۔
صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہویے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا شنگھائی تعاون تنظیم کی 23 ویں فارن اکنامک ٹریڈ اجلاس 12 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کے لیے پاکستان نے دعوت نامے بھیج دیے ہیں، یہ ایس سی او رکن ممالک کا سالانہ اجلاس ہے۔
ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی شرکت متوقع ہے، جس کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطین کے ویسٹ بینک سٹی میں مہاجرین پناہ گزینوں کے کیپموں پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے کیونکہ یہ حملے اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اسرائیلی پرتشدد کاروائیوں کو روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے مشیر کی پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ نے بنگلہ دیش کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ پاک بنگلہ دیش تعاون مزید بڑھے گا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان امریکہ کے انسداد دہشت گردی تعاون کی ایک دیرینہ تاریخ ہےدونوں ممالک کے مابین انسداد دہشتگردی پر مستقل بات چیت کا عمل جاری رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں پر موقف واضح ہے، متعدد مواقع پر افغانستان کو ان گروہوں کی پاکستان مخالف سرگرمیوں، محفوظ پناہ گاہوں اور سرگرمیوں کے ثبوت فراہم کیے ہیں، افغان حکومت اپنی سرزمین کے دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال کو روکے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ آج اپنے برطانوی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، وزیر خارجہ نے لندن میں کئی اہم شخصیات سے ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر موضوعات پر بھی گفتگو کی ہے، جبکہ سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کشمیر پر او آئی سی گروپ کو آگاہ کیاہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بیرون ممالک سیاسی پناہ کے خواہشمند پاکستانی سائلین کو پاسپورٹ کے اجرا پر متعلقہ کمیٹی نے تمام اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔