facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بچیوں کی تعلیم و صحت اورحقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے،سردار ایاز صادق

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے “انٹرنیشنل ڈے آف دی گرل چائلڈ” کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بچیوں کا عالمی دن ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں درپیش مشکلات کو اجاگر کرنے کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بچیوں کے حقوق کا تحفظ، ان کی صحیح نشوونما، تعلیم اور صحت کا خیال رکھنا ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔

اسپیکر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے دورِ جاہلیت میں بچیوں کو زندہ دفن کر دیا جاتا تھا، لیکن اسلام اور آئینِ پاکستان خواتین کو مساوی حقوق فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئینِ پاکستان بچوں اور بچیوں کو 5 سے 16 سال کی عمر میں بغیر کسی صنفی امتیاز کے مفت تعلیم کا حق دیتا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ بچیوں کو بہترین تعلیم اور تربیت سے آراستہ کرنا آنے والی نسلوں کی بقا کے لیے انتہائی ضروری ہے، اور ملک کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کم عمر بچیوں کی شادیوں کی روک تھام کے حوالے سے قانون سازی کو بچوں کے استحصال سے بچانے کے عزم کا ثبوت قرار دیا۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ بچوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال سرگرم عمل ہے۔