عشق آباد(نیوز ڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے ترکمانستان میں منعقدہ بین الاقوامی فورم “وقت اور تہذیبوں کا باہمی تعلق: امن و ترقی کی بنیاد” سے خطاب کیا، جو ترکمانستان کے قومی شاعر مخدوم گلی فراغی کی 300 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کیا گیا۔ فورم میں ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سمیت دیگر ممالک کے صدور نے بھی شرکت کی۔
صدر آصف علی زرداری نے فورم کے انعقاد پر ترکمان حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم ثقافتوں کے درمیان افہام و تفہیم اور امن و مکالمے کے فروغ کے لیے اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، جو باہمی احترام، مشترکہ عقیدے اور ایک بہتر اور پرامن مستقبل کے وژن پر مبنی ہیں۔
صدر زرداری نے فورم میں اپنی شرکت کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاس قرار دیا اور کہا کہ خطے کے ممالک کے درمیان روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ بہتر علاقائی روابط ثقافتی و اقتصادی تعاون کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے علامہ محمد اقبال اور مخدوم گلی فراغی کی شاعری اور افکار میں تصوف اور قومیت کے مشترکہ خیالات کا ذکر کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ مخدوم گلی فراغی صرف ایک شاعر نہیں بلکہ ترکمان عوام کے جذبے، امنگوں اور حب الوطنی کی علامت تھے، اور ان کی شاعری آج بھی زندہ ہے، جو ہمیں رہنمائی، تحریک اور اتحاد کا احساس دلاتی ہے۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ مخدوم گلی فراغی نے سیاسی و سماجی بدامنی کے دور میں ترکمان عوام کو متحد کرنے کے لیے اپنی زندگی وقف کی۔ انہوں نے ترکمان صدر کو مخدوم گلی فراغی کے کام کو فروغ دینے اور خطے کی قیادت کے ساتھ بات چیت کے اس موقع پر سراہا۔
صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ یہ فورم خطے کے ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کی نئی راہیں ہموار کرے گا اور ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔