اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کی تیاریوں کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جلد ایس سی او سربراہ کانفرنس کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، جو بین الاقوامی سطح پر ملک کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر ابھر رہا ہے اور حالیہ دنوں میں کئی اہم دورے اس کی مثال ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ ملائیشیا نے پاکستان سے برآمدات بڑھانے اور حلال گوشت کی درآمد کا اعلان کیا۔ چاول، حلال گوشت سمیت دیگر اشیاء کی برآمدات سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے تین وفود نے پاکستان کا دورہ کیا، جن میں سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں ایک اہم وفد بھی شامل تھا۔ اس دوران سعودی عرب کے ساتھ 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی فرمانروا محمد بن سلمان نے پاکستان کے ساتھ تجارت میں اضافے کی خواہش ظاہر کی۔
وزیر اطلاعات نے اقتصادی کارکردگی پر بھی بات کی اور کہا کہ مہنگائی کی شرح کم ہو کر 6.9 فیصد پر آ چکی ہے، تجارتی خسارے میں کمی آ رہی ہے اور برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ تاجکستان بھی انتہائی مفید رہا۔
چینی وزیراعظم کے متوقع دورہ پاکستان کو سی پیک کے حوالے سے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے، وزیر اطلاعات نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پیشرفت جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایس سی او سمٹ پاکستان کے لیے بھی گیم چینجر ثابت ہوگی۔