اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ایس سی او سمٹ کیلئے چین کے وزیراعظم لی چیانگ 11 سال بعد 4 روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔
پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے، اس حوالے سے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
11 سال بعد چین کے وزیراعظم لی چیانگ بھی آج چار روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں جہاں اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، معیشت، تجارت، سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوگی۔
چینی وزیراعظم صدر پاکستان آصف علی زرداری، پارلیمانی رہنماؤں اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ایس سی او کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت، چین، روس، ایران، تاجکستان اور کرغزستان کے وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
اسلام آباد شہر میں پاک فوج کے دستے تعینات کر دیئے گئے جبکہ میٹرو بس سروس آج 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی۔