اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی 15 اور 16 اکتوبر کو منعقد ہونے والی سربراہی کانفرنس کی کوریج کے لیے میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات عنبرین جان، پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) مبشر حسن اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔
میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر میں قائم کیا گیا ہے، جہاں مقامی اور غیر ملکی صحافیوں کے لیے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ سینٹر میں کمپیوٹر لیب، ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، ڈیجیٹل پرنٹر، ڈیجیٹل اسٹوڈیو، پوڈکاسٹ اسٹوڈیو، میڈیا لائبریری، اور کانفرنس روم کی سہولت موجود ہے۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) نے سینٹر کے بھرپور انتظامات کیے ہیں، جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کی جانب سے ڈیجیٹل لائبریری بھی قائم کی گئی ہے۔ صحافیوں کی سہولت کے لیے ایک انفارمیشن ڈیسک بھی موجود ہے جو چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کرے گا۔
میڈیا فیسلیٹیشن سینٹر ایس سی او کانفرنس کے دوران مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کو بھرپور کوریج کے مواقع فراہم کرے گا، جس سے پاکستان کی جانب سے اس اہم بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔