اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عوامی جمہوریہ چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مہمان نوازی نے متاثر کیا۔
ایک پیغام میں چینی وزیرِ اعظم نے کہا کہ جیسے ہی میں جہاز سے اترا، مجھے گرم جوشی سے خوش آمدید کہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے پر بہت خوشی ہے، شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان حکومت کی 23ویں میٹنگ میں شرکت کرنے پر خوشی ہے۔
چینی وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک اہم ترقی پذیر ملک، ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے، پاکستان چین کا ہر موسم کا اسٹریٹجک تعاون کرنے والا ساتھی اور آہنی دوست ہے۔
لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان کو چینی عوام بہت پسند کرتے ہیں اور سراہتے ہیں، 73سال میں دونوں ممالک نے مستقل اعتماد قائم رکھا اور ایک دوسرے کی حمایت کی۔
ان کا کہنا ہے کہ چین پاکستان تعلقات دوطرفہ ریاستی تعلقات کی ایک عمدہ مثال بن گئے ہیں، جون میں صدر شی جن پنگ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چین میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کی۔
چین کے وزیرِ اعظم نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے تعاون مزید مضبوط کرنے کے لیے اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کی، چین جامع اور اعلیٰ معیار کی ترقی کے ذریعے جدت کے عمل کو آگے بڑھا رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان بھی اپنی اصلاحات اور ترقیاتی کاوشوں کے لیے پُرعزم ہے، اس دورے کے ذریعے میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع اور گہرے تبادلوں کا منتظر ہوں۔