اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی امور و کشمیر امور و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اسلام آباد میں ہونے والا اجلاس پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ یہ کامیابی وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور ان کی کابینہ کی دن رات محنت اور کاوش کا نتیجہ ہے
وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کا انعقاد بلا شبہ موجودہ حکومت کی موثر کارکردگی اور بہترین سفارت کاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اقوام عالم پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کو دوست ممالک کے ساتھ ثقافتی، تجارتی، تاریخی اور سلامتی کے تعلقات مزید بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کے شرکا ممالک کے ساتھ علاقائی استحکام کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا موقع ملے گا۔
مزید براں اس سے پاکستان میں تجارتی کاروبار کے فروغ اور بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافے کا رجحان پیدا ہوگا جس سے ملک کی بہتری اور خوشحالی کے لیے نئی راہیں ہموار ہوں گی۔
شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس خطے کی معاشی ،اقتصادی اور سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی جائزہ بھی لے گی اور اس میں شرکت کرنے والے ممالک کا نہ صرف پاکستان پر اعتماد بڑھے گا بلکہ تجارت و دیگر شعبوں میں تعاون کو بھی موثر فروغ ملے گا ۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا ان حالات میں انعقاد وزیراعظم پاکستان کی سیاسی اور سفارتی سنجیدگی کا مظہر ہے۔ ملک مزید سفارتی تنہائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہمیں ہر پل ملکی مفاد کے معملات پر عمل پیرا رہنا ہے تاکہ ملک کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔ ملک کو سفارتی سطح پر درپیش تنہائی سے نکالنے کا کریڈٹ بھی پاکستان مسلم لیگ (نواز) کو جاتا ہے۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے مزید کہا کہ آل پارٹی کانفرنس کا انعقاد بھی پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس میں اسرائیلی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے خاتمے کے لیے متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اسرائیلی دہشتگردی جو لبنان، ایران فلسطین اور دیگر ممالک میں پھیل رہی ہے اس کے تدارک کے لیے امت مسلمہ اکٹھی ہو جائے اور ایسا لائحہ عمل اختیار کرے جس کی وجہ سے اسرائیلی دہشتگردی ظلم و بربریت کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔