اسلام آباد(نیوز ڈیسک)شنگھا ئی تعاون تنظیم کے 23 ویں اجلاس میں رکن ممالک نے نئے اقتصادی ڈائیلاگ پر اتفاق کیا ہے، رکن ممالک نے اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کردیئے۔
کنونشن سنٹراسلام آبادمیں شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس ہوا جس میں رکن ملکوں کے درمیان 8 دستاویزات پر دستخط ہوئے، رکن ملکوں کے رہنماؤں نے تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور کی منظوری دیدی، اجلاس کے موقع پر ایس سی او سیکرٹریٹ سے متعلق دستاویز پر بھی دستخط ہوئے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں نے انسداد دہشتگردی کی علاقائی ایگزیکٹو کمیٹی سے متعلق دستاویز پر دستخط کیے جبکہ نئے اقتصادی ڈائیلاگ پر بھی اتفاق کیا، رکن ملکوں کے سربراہوں نے نئے اقتصادی ڈائیلاگ کی دستاویز پر دستخط کر دیئے۔
شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان حکومت کی صدارت روس کے سپرد کردی گئی، ایس سی او سربراہان کے آئندہ اجلاس کی 2025 میں روس میزبانی کرے گا، وزیراعظم محمدشہبازشریف نے روس کو تنظیم کی صدارت ملنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایس سی او سربراہ اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے اجلاس کی صدارت ملنے پر روس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان خطے کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کرتا رہےگا۔
وزیراعظم نے فلسطین پر اسرائیلی بربریت کا معاملہ اٹھاتےہوئے کہا کہ غزہ میں جارحیت ایک المیہ ہے، عالمی برداری کو بربریت روکنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئے آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے، ایس سی او کو فعال اور متحرک تنظیم بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔