اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت دائر کردی گئی جس میں چیف جسٹس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے سیاسی بنیادوں پر فیصلے کیے ہیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت لاہور کے رہائشی اکمل خان باری نے دائر کی۔
شکایت میں استدعا کی گئی ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف مس کنڈکٹ کی انکوائری کی جائے، انہیں کام سے روکتے ہوئے انکوائری کے بعد عہدے سے ہٹایا جائے۔
شکایت کنندہ نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس دائر ہوا تھا۔ بعدازاں ان کے خلاف ریفرنس خارج کردیا گیا تھا۔
ریفرنس دائر کرنے پر قاضی فائز عیسی پی ٹی آئی کے خلاف جانبداری ظاہر کرتے رہے۔ پی ٹی آئی کے تمام مقدمات میں پی ٹی آئی کے خلاف فیصلے دیے گئے۔ قاضی فائز عیسی نے سیاسی بنیادوں پر فیصلے کیے۔