اسلام آباد(نیوز ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترکیہ کے 101ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ترکیہ کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت نے پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے ترکیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے گزشتہ صدی میں مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور امید ظاہر کی کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ مزید ترقی کی منازل طے کرے گا۔
صدر زرداری نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ امت مسلمہ کے مسائل پر آواز اٹھائی ہے، اور پاک-ترکیہ تعلقات مشترکہ تاریخ اور اقدار پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اور یہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
صدر کے پیغام نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔