وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ بجلی کا ونٹر پیکیج 3 ماہ کے لیے ہے، اگر اس میں کامیابی ملی تو خواہش ہے کہ اس میں مزید توسیع کریں۔
ایک بیان میں اویس لغاری نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد اضافی بجلی کو کیپسٹی پیمنٹ کا بوجھ ڈالے بغیر صارفین کو دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ سستی بجلی کے ذریعے انڈسٹری کی پروڈکشن شروع ہو۔
اویس لغاری کا کہنا ہے کہ ہمارا پروگرام تھا کہ ہر سال 31 اکتوبر سے یکم مارچ تک اسے قابلِ عمل کریں۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اگر ان 3 ماہ کا اچھا نتیجہ آیا تو ہم اس کو آئندہ 5 سال کے لیے فیچر بنائیں گے۔
واضح رہے کہ بجلی صارفین کے لیے ’بجلی سہولت پیکیج‘ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جو دسمبر 2024ء تا فروری 2025ء تک نافذ العمل ہو گا۔
پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق بجلی کے فی یونٹ پر 26 روپے تک ریلیف دیا جائے گا، گزشتہ سال کے مقابلے اضافی بجلی کے استعمال پر ریلیف ملے گا۔
اضافی بجلی پر 26 روپے7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ دیا جائے گا۔