بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فوجی کارروائی کسی مسئلے کاحل نہیں: وزیرِ اعظم عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے روس یوکرین تنازع بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی کارروائی کسی مسئلے کاحل نہیں ہوسکتی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کسی گروپ کا حصہ بننا نہیں چاہتا، چاہتے ہیں کہ روس یوکرین تنازع کا پُر امن حل نکلے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سرد جنگ کے دوران ایک بلاک کا حصہ بننے سے پاکستان کی معیشت کو نقصان ہوا تھا، اب ہم کسی گروپ کا حصہ نہیں بننا چاہتے بلکہ تمام ملکوں سے تجارتی تعلقات چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فوجی کارروائی کسی تنازع کا حل نہیں ہوسکتی، پرامن تصفیئے کیلئے مذاکرات کی میز پر آنا ضروری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر میں پیسے کی غیر قانونی منتقلی سے غربت میں اضافہ ہو رہا ہے، دنیا کو ترقی پزیر ممالک سے غیر قانونی طور پر پیسوں کی منتقلی کے مسئلے کا سامنا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور منی لانڈرنگ بھی بڑے چیلنجز ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہماری بنیادی توجہ یہ ہونی چاہیے کہ کیسے اپنے لوگوں کو غربت سے نکالیں۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ہر سال غریب ممالک سے کرپشن سے لوٹے گئے 1 اعشاریہ 5 کھرب ڈالرز ترقی یافتہ ممالک کو بھیجے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امیر ممالک کو اپنے ملک میں پیسہ لانا مشکل اور مزدوروں کا آنا آسان بنانا ہو گا۔

روسی ٹی وی سے انٹرویو میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی سمیت 2 بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے دنیا کو مسائل کا سامنا ہے۔