بے اوول(نیوز ڈیسک )بھارتی کرکٹ ٹیم کی اسٹار بیٹر اسمرتی مندھانا نے ’متاثر کُن‘ پاکستانی کپتان بسمہ معروف کی تعریف کردی۔بھارتی اوپننگ بیٹر اسمرتی نے انسٹاگرام پر جاری ایک اسٹوری میں بسمہ معروف کو سراہتے ہوئے کہا کے بیٹی کی پیدائش کہ چھ ماہ بعد کرکٹ میں واپس آکر بسمہ معروف نے دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک مثال قائم کی ہے ۔
اتوار کو ویمنز ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان کو 107 رنز سے شکست دینے کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کی بسمہ معروف کی بیٹی فاطمہ کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے سیلفیز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان ہرمن پریت کور، مندھانا، شفالی ورما، رینوکا سنگھ ٹھاکر، میگھنا سنگھ اور رچا گھوش کو بسمہ معروف کی بیٹی کے ساتھ ہنستے مسکراتے کھیلتے دیکھا گیا تھا۔
ایسے میں بھارتی کرکٹر اسمرتی مندھانا نے انسٹا اسٹوری میں بسمہ معروف کی تعریف میں کہا کہ بیٹی کی پیدائش کے محض 6 ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا بہت متاثر کن ہے، بسمہ معروف پوری دنیا کی خواتین کے لیے ایک مثال قائم کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’بھارت سے بے بی فاطمہ کو بہت پیار، مجھے امید ہے کہ وہ بلے کو بالکل آپ کی طرح اٹھائے گی کیونکہ لیفٹیز خاص ہیں۔‘