بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مردہ پچ آئی سی سی کے ریڈار میں آئے گی؟

کراچی(نیوز ڈیسک)پنڈی کی ’مردہ’ پچ آئی سی سی کے ریڈار میں آسکتی ہے جب کہ 3 ڈیمیریٹ پوائنٹس کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ رنز کے دریا بہا کر ڈرا ہوگیا، 5 روز کے دوران مجموعی طور پر 1187 رنز بنے جبکہ صرف 14 وکٹیں گریں، ان میں سے صرف 4 پاکستان کی تھیں۔

آسٹریلیا کے نائب کپتان اسٹیون اسمتھ نے پنڈی کی اس پچ کو ’مردہ اور بے ضرر‘ قرار دیا تھا۔ اب یہی بے جان وکٹ آئی سی سی کے ریڈار میں بھی آگئی ہے۔
ایک آسٹریلوی ویب سائٹ کے مطابق چیف ریفری آئی سی سی رنجن مدوگالے نے 2017 کے ایشز ٹیسٹ میں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کی ڈراپ ان پچ کو ناقص قرار دیا تھا جہاں پر 5 روز کے دوران 24 وکٹیں گری تھیں۔

آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کو خاص طور پر مقبول بنانے کیلیے ایسی پچز تیار کرنے کی ہدایت دی ہے جہاں پر بیٹ اور بال کے درمیان برابر کا مقابلہ ہ،و مگر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں مکمل طور پر بیٹرز کی حکمرانی رہی۔ اسی لیے اس بات کا خطرہ موجود ہے کہ پنڈی کی پچ کو بھی ناقص قرار دیا جاسکتا ہے۔

اگر ایسا ہوا تو پھر اس کے کھاتے میں 3 ڈیمیریٹ پوائنٹس ڈال دیے جائیں گے اور جب ان پوائنٹس کی تعداد 5 ہوگی تو پھر اس وینیو کو 12 ماہ کیلیے انٹرنیشنل کرکٹ سے معطل بھی کیا جاسکتا ہے۔

پاکستانی بولر نعمان علی اپنی ڈومیسٹک ٹیم ناردرن کے ساتھ پنڈی میں کھیلتے رہے ہیں،ان کا بھی کہنا ہے کہ جس پچ پر ٹیسٹ میچ ہوا وہ اس اسٹیڈیم کی سابقہ پچز سے یکسر مختلف ہے۔