ٹوکیو(نیوز ڈیسک )جاپان میں اگر آپ اپنے قریبی رشتوں سے محروم ہیں یا یہ رشتے موجود تو ہیں لیکن آپ ان سے خوش نہیں تو فکر نہ کریں کیونکہ جاپان میں اب آپ کو قریبی رشتہ دار پوری محبت اور قربت کے ساتھ کرائے پر دستیاب ہے۔
جاپان کی ایک معروف کمپنی ماں ، باپ ، بھائی ، بہن ، بچے اور بیوی کرائے پر فراہم کرتی ہے ۔ رشتہ دار فراہم کرنے والی اس کمپنی کے کسٹمر صرف جاپان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر سے لوگ جاپان آکر قریبی رشتہ داروں کو ساتھ وقت گزارتے ہیں ۔
اس حوالے سے کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بعض اوقات جاپان ہی نہیں دنیا بھر میں لوگ خود کو اکیلا محسوس کرتے ہیں اور کچھ وقت قریبی رشتوں کی قربت میں گزارنے کے لیے ہماری کمپنی سے کرائے پر رشتہ دار حاصل کرتے ہیں ۔
کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری کمپنی میں 5 ہزار سے زائد اداکار بطور رشتہ دار رجسٹرڈ ہیں جو ضرورت کے مطابق ماں ، باپ ، بھائی ، بہن اور بیوی تک کے رشتے نبھانے کے لیے خود کو پیش کرتے ہیں ۔
یہ رشتہ دار دنوں کے حساب سے حاصل کیے جاسکتے ہیں اور ان کے ساتھ خوبصورت وقت گزارا جاسکتا ہے اور رشتہ داروں کے روپ میں یہ ادا کار بہترین اداکاری کے ذریعے پورے خلوص کے ساتھ قریبی رشتہ داروں کا کردار نبھاتے ہیں ۔
کرائے پر دستیاب ماں پوری گرمجوشی سے اپنے بیٹے کے لیے محبت دکھائے گی، باپ شفقت دکھائے گا ، بہن بھائی کے لیے پیار دکھائے گی اور بھائی اور بچے بھی شاندار ادا کاری کے ذریعے رشتہ داروں کی تلاش کے لیے آنے والے شخص کو بھرپور محبت فراہم کریں گے ۔
اب ان رشتہ داروں کی تلاش کے لیے آنے والے شخص پر منحصر ہے کہ وہ کتنے دن کے لیے رشتہ دار حاصل کرنا چاہتا ہے ، یہ سب منحصر ہے اس کے بجٹ پر کیونکہ جتنا گڑ ڈالو گے اتنا میٹھا رشتہ دار ملے گا۔