کراچی(نیوز ڈیسک)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نےانٹرمیڈیٹ حصہ اول (فریش)، حصہ اول و دوم باہم کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے تمام گروپس کےامتحانی فارمز جمع کروانے کا اعلان کردیا ہے۔
انٹرمیڈیٹ حصہ اول (فریش) کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اورہوم اکنامکس گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء میں شرکت کے اہل گورنمنٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولزکے امیدوار بغیر کسی فیس کےاپنے امتحانی فارم جبکہ پرائیویٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ایسے ریگولر امیدوار جو انرولمنٹ فارم جمع کرواچکے ہیں اپنے امتحانی فارم ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز بدھ 9مارچ سے بروز منگل 15مارچ 2022ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکیں گے۔
پرائیویٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز یہ امتحانی فارمز بمع فیسوں کے پے آرڈرز بروزجمعرات 17مارچ 2022ء تک اپنے نمائندوں کے ذریعہ بورڈ آفس کے اکاؤنٹس سیکشن میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے جبکہ جمع کروائے جانے والے امتحانی فارمز کی مکمل فہرست بھی تعلیمی اداروں کے سربراہ کے دستخط کے ساتھ جمع کروانا ہوں گی۔
اضح رہے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام گورنمنٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ایسے طلباء کی امتحانی فیس معاف کردی گئی ہے جو پہلی دفعہ انٹرمیڈیٹ حصہ اول یا حصہ دوم کے امتحانات میں شرکت کررہے ہیں