اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ماضی میں پاکستان نے امریکی بلاک کا حصہ بن کر بہت نقصان اٹھایا ۔اب ہم کسی بھی بلاک کا حصہ نہیں بنیں گے۔ روسی ٹی وی کو انٹرویودیتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھا کہ ترقی پذیر ملکوں سے پیسہ دیگر ملکوں میںمنتقل ہونے سے دنیا میں غربت بڑھ رہی ہے۔انھوںنے کہا کہ ہمارے سابق حکمرانوں نے پیسا لندن منتقل کیا ہم واپسی کیلئے کچھ نہیں کرسکتے، ان ممالک نے اس پیسے کی واپسی کو بہت مشکل کردیا ہے یہ تبدیل ہونا چاہیے، کوئی راہ ہونی چاہیے، اگر لندن میں جائیداد قانونی پیسے سے نہیں تو یہ پیسا واپس ہونا چاہیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب دنیا بلاکس میں تقسیم ہوئی تو پاکستان امریکی بلاک میں گیا، ہم غیر ملکی امداد کے لیے بلاک کا حصہ بنے، اب جب ہم ماضی میں دیکھتے ہیں تو یہ غیر ملکی امداد ملک کے لیے ایک لعنت ہے، اس غیرملکی امداد کی وجہ سے اپنا نظام نہیں بناسکے، ایکسپورٹ نہیں بڑھا سکے،خود انحصاری نہیں رہی، دنیا کے بلاکس میں تقسیم ہونے کی وجہ سے مسائل بڑھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری بنیادی توجہ یہ ہونی چاہیے کہ اپنے لوگوں کو کیسے غربت سے نکالیں، غربت کا خاتمے بہتر راستہ تمام ممالک کے درمیان تجارت ہے۔