ژوب (مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان میں کاﺅنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ سے مبینہ مقابلے کے دوران چار افراد ہلاک اور دوزخمی ہوگئے۔لیویز حکام کے مطابق ڑوب کے علاقے کلی شہاب زئی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی نے ایک مکان پر چھاپہ مارا، چھاپہ قتل و اغوا سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے مارا گیا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 افراد ہلاک ہوئے۔لیویز حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزم حاجی لالو کا بیٹا، بھتیجا اور 2 گن مین ہلاک اور 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ ڑوب منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ہلاک افراد کے لواحقین نے احتجاجاً لاشیں قومی شاہراہ پر رکھ کر کوئٹہ ڑوب شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ڑوب رمضان بلال کا کہنا ہے کہ کارروائی سے متعلق سی ٹی ڈی سے تفصیلات حاصل کی جا رہی ہے، پولیس اور لیویز افسران بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔