اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے اسحاق ڈار کی سینیٹ کی نشست خالی قرار دینے کی استدعا کر دی۔قائد ایوان سینیٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے چیئرمین سینیٹ و چیف الیکشن کمشنر کے نام خط لکھ دیا۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 21 ستمبر2021ءکو اسحاق ڈار کی نشست کے خلاف اسٹے آرڈر خارج کیا، الیکشن آرڈیننس2021 کی شق 72اے کے تحت 40 روز میں حلف اٹھانا لازم ہے۔متن میں کہا گیا کہ دسمبر 21 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سینیٹ کی سیٹ خالی ہوگئی۔حکومت کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن اسحاق ڈار کی نشست خالی قرار دے کر شیڈول جاری کرے۔گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ورچوئل حلف کی درخواست غیر آئینی قرار دے کر مسترد کردی تھی۔