اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہو گئی، نوجوان اپنے حق کے لیے اٹھ کھڑے ہوں، وزیراعظم کے سبز باغ اور وعدے مایوسی کے کالے بادلوں میں بدل گئے،نوجوانوں میں ذہنی امراض کی وجہ پی ٹی آئی کی طرف سے دیا جانے والا صدی کا سب سے بڑا دھوکا ہے، پی ٹی آئی کے 1200دن ناکامی اور بدحالی کا سفر ہیں، وعدے عروج کے کیے جاتے تھے پستی کی انتہا ہو گئی، عملی طور پر عوام کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے احکامات پر ملکی مفادات کے برعکس قانون سازی کی گئی، بڑی اپوزیشن جماعتوں نے بین الاقوامی ایجنڈے پر حکومت کا ساتھ دیا، استعمار کے وفاداروں نے ملکی وقار اور خودمختاری داو پر لگا دی، بچہ بچہ مقروض، غربت، مہنگائی، بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ادارے تباہ، معیشت کا بیڑہ غرق ہو گیا، 22کروڑ عوام کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا غلام بنا دیا گیا۔وہ بدھ کو منصورہ میں یوتھ بورڈ پاکستان کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ 5گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ کی مرکزی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں نوجوانوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔سراج الحق نے کہا کہ نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں۔ جماعت اسلامی ملک بھر میں نوجوانوں کو منظم کر رہی ہے۔ یونین کونسل کی سطح پر نوجوانوں کی تنظیم سازی کی جارہی ہے۔ انتخابی عمل میں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں ٹکٹ دیں گے۔ پاکستانی یوتھ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی فرد کے ساتھ ساتھ نظام کی تبدیلی چاہتی ہے۔ نوجوان نسل قرآن ہاتھ میں اٹھائے اور انسانیت کو استعمار اور غلامی کی دلدل سے نکالے۔ قرآن و سنت کا نظام ہی انسانیت کے مسائل کا حل ہے۔ ملک اس وقت تک آگے نہیں بڑھے گا جب تک یہاں اللہ کا دیا گیا نظام نافذ نہیں ہو جاتا۔ جماعت اسلامی کی تمام ترکوششوں کا محور پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہے۔سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پونے چار برسوں میں قوم کی امیدوں کا خون کیا۔ وزیراعظم کے تمام وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے۔ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کی بجائے لاکھوں برسرروزگار افراد کو بے روزگار کر دیا۔ آج ملک کے نوجوان ڈگریاں اٹھائے چوکوں چوراہوں میں مزدوری کی تلاش میں بیٹھے ہیں۔ حکومت نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک پروگرام بھی متعارف نہیں کرایا۔ وزیراعظم کا سارا زور لنگرخانوں کی تعمیر پر ہے۔ ملک کا پڑھا لکھا نوجوان مایوس ہو کر باہر جا رہا ہے۔ لاکھوں نوجوان ڈپریشن کا شکار ہو کر نشے کی لت میں ملوث ہو چکے ہیں۔ پی ٹی آئی نے قوم کو دھوکا دیا اور مدینہ کی ریاست کا نام لے کر اس کے الٹ اقدامات کیے۔