کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے ماہی گیروں کی کمیٹی کے متعلقہ اداروں کے اہم اجلاس میں مطالبات مان لیے گئے۔جس کے بعد ماہی گیروں نے دوروز سے جاری احتجاج ختم کردیا ہے۔فشرمین کو آپریٹو سوسائٹی کے ذرائع کے مطابق ماہی گیروں کی 10 رکنی کمیٹی کے ساتھ متعلقہ اداروں کا اہم اجلاس ہوا جس میں ماہی گیروں کے مطالبات تسلیم کر لیے گئے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی، کےڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز ، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)، بحری امور کے وفاقی مشیر علی زیدی، فشرمین کو آپریٹو سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر شاہد بھٹی، سندھ ٹرالر ایسوسی ایشن، فیکٹری اونرز ایسوسی ایشن اور دیگر اداروں کے نمائندے شریک تھے۔ذرائع کے مطابق ماہی گیروں کا مرکزی مطالبہ تسلیم کر لیا گیا جس کے مطابق میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی ساحل سمندر سے 12 ناٹیکل میل کے بعد ماہی گیروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گی اور ماہی گیروں کو کام کرنے کی مکمل آزادی ہوگی۔ذرائع کے مطابق مطالبات تسلیم ہونے کے بعد کراچی فشر مین کو آپریٹو سوسائٹی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ماہی گیروں نے لانچیں ہٹاکر چینل کھول دیا ہے جس کے بعد کراچی بندرگاہ پر بھی جہازوں کی آمدورفت بحال ہوگئی ہے۔