میرانشاہ(مانیٹرنگ ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 امن دشمنوں کو مار ڈالا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے ہمزونی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، اسی دوران دہشتگردوں کیساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 6 ملک دشمن مارے گئے، مارے جانے والے دہشتگردوں کی شناخت محمد علی، مطیع اللہ، محمد عمر، اختر حسین، شیر اور وسیم کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشتگردوں کے پاس اسلحہ، گولہ بارود اور سامان بھی تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے سب مشین گنیں، ہینڈ گرنیڈ، بارودی سرنگیں، ہتھکڑیاں اور بڑی مقدار میں متعدد کیلیبر راونڈز برآمد ہوئے ہیں۔ مارے جانے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز کیخلاف دہشتگردانہ کارروائیوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے سکیورٹی فورسز کی طرف سے کیے گئے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے سمبازا میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے دہشتگردوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن کیا، دہشتگرد ملحقہ قبائلی اضلاع میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق اس دوران سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ غار میں چھپے دہشتگردوں نے بھاگنے کی کوشش کی اور اندھا دھند فائرنگ کی اسی دوران فورسز کیساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں 1 دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کیا گیا، بھاری تعداد میں یہ اسلحہ دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے خلاف استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
بیان کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے مرتکب افراد کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔