اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور ترجمانوں کا اہم اجلاس طلب کرلیا، جس میں اپوزیشن کی ممکنہ تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے کی حکمت عملی پرمشاورت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی تحریک سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم بھی متحرک ہوگئے ، عمران خان نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور ترجمانوں کا اجلاس بلالیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاسوں میں ملکی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی الیکشن کا جائزہ لیاجائے گا اور عوامی رابطہ مہم آگے بڑھانے پرمختلف تجاویز پرغورہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے مزید شہروں میں جلسوں سے متعلق بھی مشاورت کی جائے گی اور اپوزیشن کے لانگ مارچ کے حوالے سے حکمت عملی پرغورکیا جائے گا۔
یاد رہے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس حکومت پر تنقید کے لیے ایجنڈا نہیں ہے، میری حکومت پر تنقید برائے تعمیر ہو تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔
خیال رہے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا ، جس کے لئے مولانا فضل الرحمان کے سیاسی رہنماؤں سے رابطے جاری ہے۔