بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

متحدہ عرب امارات کے سفیر کا پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ ،بچوں میں گھل مل گئے

اسلام آباد (ممتاز نیوز) پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی کی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ جس میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن راشد العلی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات کی۔ بچوں نے پاکستانی ثقافت کی رنگا رنگ پرفارمینس سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور سماں باندھ دیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر بچوں میں گھل مل گئے۔ تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کیڈیٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی مثالی دوستی اور تعلقات کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس دوران پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی مشکور ہیں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی کا جنہوں نے آج فرشتوں اور پریوں کے اس خوبصورت سے گھر میں آکر ثابت کیا ہے کہ ہمارا برادر ملک یو اے ای پاکستان میں فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ سے کوشاں ہے اور یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت سمیت انسانیت کی بے لوث خدمات کے لیے بھی متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے مجھے زندگی کے خوبصورت مشن سے نوازا ہے۔ پاکستان سویٹ ہوم اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے۔ 2009 میں پاکستان سویٹ ہوم کا آغاز ایک بچے سے ہوا اور آج ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے بچے اور بچیاں آج ملک کی نامور یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ یہ ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ دنیا کی تاریخ کا پہلا کیڈٹ کالج جو صرف یتیم بچوں کے لیے شہیدوں و غازیوں کی سرزمین گوجر خان میں واقع ہے جہاں 200 سے زائد کیڈٹس زیر تعلیم ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے مراکز کراچی، سکھر، سرگودھا، گجر خان، کشمیر، شمالی وزیرستان اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پھیلے ہوئے ہیں جہاں ہزاروں یتیم بچے زیر کفالت اور بہترین ماحول میں تربیت پا رہےہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کی بچیاں میرٹ پر کیڈٹ کالج لاڑکانہ کا بھی حصہ ہیں۔ زمرد خان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں پاک فوج کے تعاون سے گولڈن ایرو سویٹ ہوم قائم ہے، اللہ تعالیٰ کے مشن پر نکلا تو سیاست کو خیرباد کہہ دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وقت بھی دور نہیں جب میرے یہ بیٹے اور بیٹیاں دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر بنیں گے، ڈاکٹر، انجینئر، اور پروفیسر بن کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ میں ان بچوں کو بڑے آدمی نہیں بلکہ بڑے انسان بنانا چاہتا ہوں جو دنیا میں انسانیت کی خدمت میں پاکستان کی پہچان ہونگے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے سفیر عبید الزعابی کا کہنا تھا مجھے معلوم نہیں تھا کہ پاکستان میں اتنے بڑے پیمانے پر ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کا عظیم کام جاری ہے۔ مجھے یہاں آکر بےحد خوشی اور دلی سکون ملا۔ ان بچوں سے مل کر بےحد متاثر ہوا ہوں اور ان کے جذبے، حوصلے اور اعتماد نے دل جیت لیا اور یقیناً ان کے پاپا جانی زمرد خان خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اس عظیم مشن کا بیڑا اٹھایا اور بڑے احسن انداز میں یہ عظیم کام سر انجام دے رہے ہیں۔ دنیا میں اس سے عظیم اور کیا کام ہوسکتا ہے کہ آپ کسی یتیم بچے کی کفالت اور اسے بہترین تعلیم و تربیت دے کر اپنے پاؤں پر کھڑا کریں۔ میں بطور سفیر متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ان بچوں کے پاپا جانی زمرد خان اور ان کی تمام ٹیم کو جو اتنے عظیم مشن کی طرف گامزن ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ بچے بہت آگے جائیں گے اور مستقبل میں اپنے ملک و قوم کا فخر بنیں گے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت زمرد خان کے اس عظیم مشن میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ جہاں تک ممکن ہے ان بچوں کی بہتری کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور بچوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔