اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اونگزیب نے کہا ہے کہ توانائی کی بچت کےلئے قومی آگہی مہم کی منظوری دےدی اور وزارت اطلاعات ونشریات کی بریفنگ کی تعریف کی گئی اور اس ضمن میں وزیر اطلاعات اور وزارت کے سینئر حکام کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ تفصیلات کے مطابق
وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کابینہ کو توانائی کی بچت کے لئے قومی آگہی کی مہم(National Awareness and Communication Strategy for Energy Conservation) پر تفصیلی بریفنگ دی۔ جس کے تحت ملک میں ایک ہمہ گیر اور طویل دورانیے کی مہم شروع کی جار ہی ہے۔ اِس مہم سے پہلے وزارتِ اطلاعات و نشریات نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک جامع سروے کیا جس کے تحت لوگوں میں توانائی کی بچت کے اقدامات سے آگاہی کے بارے میںرائے حاصل کی گئی۔ سروے کے نتائج اور لوگوں کے رحجانات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزرات کی طرف سے ایک خصوصی طویل مدتی آگاہی مہم تیار کی گئی جس میں لوگوں کی عادات، طرز زندگی، سوچ اور رویوں کو بدلنے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پرنٹ، الیکٹرانک، آوٹ ڈور، سوشل میڈیا اور رائے عامہ بنانے والے افراد اور ماہرین کی مدد لی جائے گی۔ یہ مہم ہر شعبے ، طبقے اور عمر کے افراد کے رجحانات ، دلچسپی اور میڈیا کے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاری کی جارہی ہے۔ یہ مہم سرکاری و نجی اداروں کے اشتراک عمل سے چلائی جائے گی۔ اس مہم کا بنیادی تصور یہ ہے کہ بطور پاکستانی ہر شہری کو یہ احساس دلایا جائے گا کہ وہ بجلی، گیس اور پانی کی بچت کرے جس سے نہ صرف اس کا ذاتی طور پر فائدہ ہوگا بلکہ مجموعی طور پر پاکستان پر معاشی دباؤ کم کرنے میں بھی بڑی مدد ملے گی۔
حکومت نے توانائی کی بچت کےلئے قومی آگہی مہم کی منظوری دےدی








