بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پیرس : پاکستانی سفیر عاصم افتخار احمد نے فرانسیسی صدر کو اپنی اسنادتقرر پیش کردیں

پیرس( ظفرقاضی ) فرانس میں نئے تعینات ہونے والے پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے فرانسیسی صدرایمانوئیل میکروں کو اپنی اسنادتقرر پیش کردیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کو اپنی اسناد پیش کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ فرانس جیسے خوبصورت اور دوستانہ ملک میں اپنے ملک پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لئے بہت اعزاز کی بات ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال کے آغاز سے ہی فرانس اور پاکستان کے تعلقات بہتری کی طرف گامزن ہوئے اور دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں جو دوری پیدا ہوئی تھی اس میں بتدریج کمی واقع ہوئی اور دونوں ممالک میں سفراء کی تعیناتی نے سرد مہری کی برف پگھلادی ، دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو واپس اپنی ڈگر پر لانے کے لئے پاکستانی وزارت خارجہ اور فرانس میں پاکستان سفارتخانہ کے ذمہ داران کا بھی اہم رول ہے۔ فرانس میں کچھ عرصہ قبل اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے والے سفیر ہاکستان عاصم افتخار احمد اس حوالے سے پرعزم ہیں کہ فرانس کے ساتھ دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر ، ٹھوس اور کارآمد بنانا ہے۔دریں اثنا پاکستانی عاصم افتخار احمد سے فرانس میں برادر ملک آذر بائیجان کی نئی تعینات ہونے والی سفیر لیلی عبد اللہ نے ملاقات کی۔ سفیر پاکستان عاصم افتخار نے سفیر لیلی عبداللہ کو اپنے آفس میں خوش آمدید کہا۔ اس خیر سگالی ملاقات میں دونوں ممالک کے قریبی اور برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہؤا۔ لیلی عبداللہ سفیر آذر بائیجان نے کہا کہ برادر ملک پاکستان کے سفیر کے ساتھ شاندار ملاقات ہوئی اور نتیجہ خیز تبادلہ خیال ہوا۔