اسلام آباد(ممتازنیوز) وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہےکہ عمران خان کی گرفتاری کا کوئی پلان نہیں،وہ عدلیہ اوردیگر اداروں پر دباؤڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمدآصف نے کہاکہ عمران خان کی آوازسے خوف ظاہر ہورہا تھا،ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے، بتایا جائے دس ماہ میں ہم نے کس کو گرفتارکیا،اگر الیکشن کمیشن کے گھروں تک پہنچنے کی دھمکی دی جائے تو کیا ہم دفاع نہیں کریں گے،عدالت اگر فواد چوہدری کو ضمانت دیتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان اسی عدلیہ کو گالیاں دیتے رہے ہیں،وہ اس شخص کو گالیاں دیتے ہیں جس کی انگلی پکڑکراقتدار تک پہنچے،مجھے افسوس ہوتا ہے ان لوگوں پر، جنہوں نے یہ بت تراشاتھا وہ کہاں ہیں؟قوم کو جواب کیوں نہیں دیتے۔انہوں نے کہاکہ میری ضمانت کے کیس میں چار بنچ ٹوٹے ،ہم نے قانون کا راستہ اپنانا،قانون نے مجھے ریلیف دیاآج قانون ان کے خلاف آپریٹ ہونا شروع ہوا تو چیخیں نکل رہی ہیں۔









