فیصل آباد(معظم رندھاوا)ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس کی جائیدادوں کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل مکمل کر لیا گیا کے پراپرٹی مالکان کو آئندہ ماہ سمارٹ کارڈز کا اجراء شروع کر دیا جائے گا جسے سکیورٹی فیچرز کے ساتھ دیرپا اور قابل اعتماد بنایاجارہاہے۔ان خیالات کا اظہار ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل ا یف ڈی اے عابد حسین بھٹی نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل کی تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، اسٹیٹ مینجمنٹ کے ڈائریکٹرز سہیل مقصود پنوں،جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈپٹی ڈائریکٹر /ٹرانسفر آفیسر عابد بٹ، ڈائریکٹر آپریشن (ایچ ٹی ٹی آئی)قسیم علوی اوردیگر افسران نے شرکت کی۔ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے متعلقہ فرم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے تاکید کی کہ اہم نوعیت کے اس کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور سمارٹ کارڈ کو ہرلحاظ سے معیاری، جامع اور مستند ہوناچاہئے اس ضمن میں مکمل شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔انہوں نے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے ٹاسک کی مانیٹرنگ اور سمارٹ کارڈ کے اجراء کے تمام تقاضوں کو مکمل کرنے کے سلسلے میں متعلقہ افسران پر مشتمل چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی جو گزشتہ ایک سال کی پراگریس کا جائزہ لے کر پندر ہ یوم میں اپنی رپورٹ مرتب کریگی۔ اے ڈی جی نے بتایاکہ ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس کی جائیدادوں کے ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن دفتری امور کی انجام دہی میں جدت کی جانب انقلابی قدم ہے جس کی بدولت نہ صر ف تمام تر ریکارڈ کو محفوظ اور شفاف رکھاجاسکے گا بلکہ پراپرٹی مالکان کوبھی آسانیاں میسر آئیں گی کیونکہ جائیداد کا تمام ریکارڈ سمارٹ کارڈ میں محفوظ ہوجائیگا جو کہ آئندہ پراپرٹی کی خرید وفروخت یاکسی دیگر حوالوں میں قابل اعتماد ہوگا۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ نے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت ایف ڈی اے کے دیگر امور کو جدید تقاضوں سے ہمکنار کرنے کے حوالے سے محکمانہ اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈائریکٹر آپریشن (ایچ ٹی ٹی آئی)قسیم علوی نے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔اس موقع پرسمارٹ کارڈز کے مختلف نمونوں کا بھی جائزہ لیاگیا اور فیصلہ کیاگیاکہ ایف ڈی اے کی طرف سے جاری کردہ سمارٹ کارڈ منفرد اور پرکشش بنایاجائیگا۔
ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول کالونیوں ،مارکیٹس کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن مکمل








