بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں جمہوریت کےاستحکام کیلئے نیک جذبات رکھتے ہیں، آسٹریلوی ہائی کمشنر ،عمران خان سے خصوصی ملاقات 

لاہور(ممتازنیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنگز نے زمان پارک میں ان کی رہائشگاہ پر خصوصی ملاقات کی جس میں دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر پاکستان میں آسٹریلوی منصوبوں خصوصاً زرعی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے پراجیکٹ پر بھی بات چیت کی گئی ۔ملاقات میں ماحولیاتی تغیرات اور سیاحت سمیت دیگر اہم موضوعات پر بھی مفصل گفتگو ہوئی۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر کی جانب سے پولیس لائن میں دہشتگرد حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہارکیاگیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور آسٹریلیا قریبی سفارتی رشتے میں جڑے ہیں، باہمی اشتراک کو دوطرفہ ترقی و خوشحالی کا زینہ سمجھتے ہیں، آسٹریلوی حکومت اور عوام پاکستان میں امن و سلامتی کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام و فروغ کے حوالے سے بھی نیک جذبات رکھتے ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف آسٹریلیا سے تعلقات و اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ماحولیاتی تغیرات عالمی چیلنج، تحریک انصاف کی حکومتوں نے انسداد کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ مساوی ترقی تمام اقوام کا حق، ترقی یافتہ ممالک کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ عمران خان نے کہاکہ غربت اور وسائل خصوصاً سرمائے کی ترقی پذیر ممالک سے ترقی یافتہ ممالک تک غیرقانونی ترسیل ان ممالک کے مسائل میں غیرمعمولی پیچیدگیوں کو جنم دیتی ہے، عمران خان وقت آگیا ہے کہ امیر اقوام غریب ممالک سے سرمائے کے غیرقانونی انتقال کے انسداد میں کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ و ترقی پذیر ممالک کے مابین امتیاز کا معیار قانون کی حکمرانی ہے، عمران خان نے کہاکہ تحریک انصاف قانون کی حکمرانی کا نہایت واضح تصور، اسے اپنی سیاسی جدوجہد کی کلیدی نکتہ بنائے ہوئے ہے، عمران خان نےکہاکہ قانون کی حکمرانی اقوام پر ترقی و خوشحالی کے دروازے کھولتی ہے۔