بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اے پی سی میں شرکت کے حوالے سے تحریک انصاف کا رد عمل بھی آگیا

وزیراعظم کی طرف سے بلائی گئی اے پی سی میں شرکت کرنی ہے یا نہیں ؟ اس حوالے سے تحریک انصاف کا باقاعدہ رد عمل سامنے آگیا ۔
تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک طرف اے پی سی بلارہے ہیں دوسری طرف الزامات بھی لگا رہے ہیں۔ اے پی سی بلانا ایک اچھی بات ہے مگر اس کیلئے سنجیدہ ہونا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ اےپی سی میں شرکت کی دعوت ملی ہےتو اس پر مشاورت کریں گے ۔ ان کا مزید کہناتھا کہ حکومت آئین شکنی کررہی ہے ،گورنرجو کہہ رہے ہیں الیکشن بروقت نہیں ہوسکتے وہ پہلے کسی وکیل کو بلاکر اس سے مشورہ کرلیں ۔
واضح رہے کہ ملکی سیاسی منظر نامے میں بڑی سیاسی پیشرفت سامنے آئی ہے ،وزیراعظم شہباز شریف نے اہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کرلیا ۔
وزیراعظم کی طرف سے 7 فروری کوکل جماعتی کانفرنس(اے پی سی) بلائی گئی ہے جس میں شرکت کیلئے تمام قومی سیاسی قائدین کو باضابطہ دعوت دے دی گئی ،وزیراعظم نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو بھی اے پی سی میں مدعو کیا ہے ۔وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور سابق وزیردفاع پرویز خٹک سے رابطہ کرکے عمران خان تک دعوت نامہ پہنچایا ۔
دوسری جانب وزیراعظم نے کل پشاور میں ہونے والی ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دے دی ہے ۔ایاز صادق نے وزیراعظم کا پیغام اسد قیصر اور پرویز خٹک کو پہنچا دیا، پیغام میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف ایپیکس کمیٹی میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو شریک ہونے کی دعوت دیتے ہیں، سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی راہنماؤں سے درخواست کی کہ وہ اپنے جماعت کی طرف نامزد نمائندوں کا نام بھی دیں تاکہ انہیں نمائندگی دی جاسکے ۔