لاہور (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے شیخ رشید کی گرفتاری اور عامر سعید راں کے مبینہ اغوا پر ردعمل میں کہا ہے کہ شہباز شریف کی بغل میں چھری اور منہ میں رام رام ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق رہنما مسلم لیگ ق چوہدری پرویز الہی نے سابق آئی جی پنجاب آفتاب چیمہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین پر مقدمات اور گرفتاریوں سمیت اتنقامی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، قومی یک جہتی کی فضا کو شہباز شریف سبوتاژ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، امن و امان کی تباہی کے بھی شہباز شریف ذمہ دار ہیں۔ ایف آئی اے اور پولیس کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کا ٹاسک دیدیا ہے، وفاقی حکومت ہو یا نگراں یہ سب الیکشن سے فرار کی کوشش کر رہے ہیں۔عدلیہ سے پوری امید ہے کہ ہمیں ریلیف ملے گا۔
چوہدری پرویز الہی سے سابق آئی جی پنجاب آفتاب چیمہ کی ملاقات کے موقع پر امریکی لاء افسران بھی موجود تھے۔









