جدہ(ممتازنیوز)مسلم لیگ(ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد،سینئر نائب صدر محمودالحق ڈوگر اور جدہ کے صدر عمرمسعود پوری نے ملک کو درپیش سنگین چیلنجز پر آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی) بلانے سے متعلق وزیراعظم شہبازشریف کے فیصلے کوانتہائی دانشمندانہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی کا اس اہم نوعیت کا اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کااعلان اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان لوگوں کو ملک کے مفادیا بہتری سے کوئی سروکارنہیں ،یہ صرف ذاتی مفادات کو مقدم رکھے ہوئے ہیں،ان کا یہ طرز عمل افسوسناک ہے۔
وزیراعظم کی طرف سے سات فروری کو اے پی سے بلا ئے جانے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) سعودی عرب کے رہنماؤں نے کہاکہ یہ فیصلہ شہبازشریف کی سیاسی بصیرت اور ملک کو درپیش چیلنجزپر ان کی تشویش کا مظہر ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو آج دہشت گردی سمیت جس طرح کے بحرانوں کا سامناہے،اس کا تقاضایہی ہے کہ تمام سیاسی قیادت ’’ملک بچاؤ‘‘ کے یک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہوجائے اوربیشتر سیاسی جماعتوں کا طرز عمل ذمہ دارانہ بھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے عمران خان اس کڑے وقت میں بھی اپنی ضد،انااور ہٹ دھرمی کی سیاست جاری رکھے ہوئے ہیں، بلاشبہ اگر وہ اپنے جارحانہ طرزعمل کو ترک کرکے ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں اتحادی حکومت کاساتھ دیں تو اس سے ان کے سیاسی قدکاٹھ میں اضافہ ہوگا۔ شیخ سعید احمد، محمودالحق ڈوگر اور عمرمسعود پوری نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اپنی سیاسی حکمت عملی پر ضرورنظرثانی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ وزیراعظم شہبازشریف کی زیرقیادت اتحادی حکومت جلد ملک کو بحرانوں سے نکال لے گی۔انہوں نے معاشی بحران کے حل کے لئے خاص طور پر وزیرخزانہ اسحق ڈار کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم کااے پی سی بلانا دانشمندانہ فیصلہ،عمران خان ملک وقوم کیلئے اب اپنی ہٹ دھرمی چھوڑیں،مثبت سوچ کا مظاہرہ کریں،رہنما(ن)لیگ سعودی عرب








