اسلام آباد(ممتاز نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ آج پوری قوم نے چوکوں اور چوراہوں پر کشمیریوں کے ساتھ جذبے کا اظہار کیا،کشمیری گزشتہ 2 سو سالوں سے آزادی کے لیے تڑپ رہے ہیں،کشمیریوں کو ایسٹ انڈیا کمپنی کے حوالے کیا گیا،2 لاکھ سے زائد لوگ کشمیر میں شہید ہو چکے،مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا جیل خانہ ہے، مقبوضہ کشمیر سب سے بڑے قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے، نوجوانوں کو ان کی ماؤں کے سامنے شہید کیا گیا، کشمیریوں نے جہد مسلسل کا پیغام دیا ہے، آج کشمیر میں ہر گھر کے باہر انڈین آرمی کھڑی ہے، کشمیری قوم ظلم و جبر کے باوجود اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹی، آج کی حکومت ہو یا کل کی وہ صرف 5 فروری کو کشمیر کا دن مناتی ہے، حکومتوں نے کشمیر کے لیے کوئی عملی کام نہیں کیا، کشمیر پر عالمی قرار دادیں کیوں بے معنی ہیں، پاکستان کشمیر کا سب سے بڑا مدعی ہے، بدقسمتی سے یہ خطہ 75 سالوں سے دشمن کے قبضے میں ہے۔کشمیریوں کے خون میں تحریک آزادی دوڑ رہی ہے ہم دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد آبپارہ میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔5فروری جماعت اسلامی نے ملک بھر یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا، چھوٹے بڑے شہروں میں پروگرامات کا انعقاد کیا گیا پروگرامات میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت۔خواتین اور بچے بھی خصوصی طور پر کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے ریلیوں میں شریک ہوئے۔شرکاء نے بینر اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے جس پر بھارت کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔سراج الحق نے کہاحکمرانوں کا ایک ہی کام ہے تقریریں کرنا اور کچھ نہ کرنا ان کو بس ایک یہی کام اچھا آتا ہے، کسی حکومت نے کشمیر پر عملی اقدام نہیں اٹھایا، یہ لوگ کوئٹہ و پشاور کو نہیں بچا سکے کشمیر کیا بچائیں گے، 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370A, اور 35 A کا خاتمہ کیا گیا اور اس وقت سے آج تک ہمارے حکمران دعووں تک محدود ہیں، ان بزدل حکمرانوں نے انڈین ترامیم پر خاموشی اختیار کیے رکھی ہے، خان صاحب کہتے رہے کشمیر کے لیے 1 ہزار سال لڑیں گے پھر کیا کچھ نہیں، اس کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی ہو یا مسلم لیگ ن کسی نے کشمیر کے لیے کچھ نہ کیا، ہماری فوج بہادر فوج ہے لیکن قیادت بزدلوں کے ہاتھ ہے، اصل بات یہ ہے کہ کشمیر کے لیے کوئی جرات مند قدم اٹھانے کو تیار نہیں، یہ جان لیں آج اگر ہمارے کھیت سرسبز ہیں تو کشمیر کے پانی کی وجہ سے ہیں ورنہ جس دن پانی انڈیا نے بند کیا یہاں کچھ نہیں بچے گا، ہم بنجر ہو جائیں گے، خبردار کرتے ہیں اگر اقوام متحدہ نے قرار دادوں کے مطابق مسئلہ حل نہ کیا تو یہ آتش فشاں پھٹے گا اور پھر سب جو بہا کر لے جائے گا، پاکستان کی سیاسی لیڈر شپ نے قوم کو لڑایا کشمیر پر کچھ نہ کیا، نواز شریف، آصف زرداری اور عمران خان نے کشمیریوں کے ساتھ ظلم کیا، حکمرانوں کی ترجیحات میں اب کشمیر شامل ہی نہیں، کشمیر پر ہم خاموش ہو گئے تو یہ حکمران کشمیر پر بینر لگانا بھی گوارہ نہیں کریں گے، جہاد کے بغیر کشمیر کی آزادی کا کوئی حل نہیں اور اس کا کوئی دیگر حل بھی نہیں، مودی قصائی اور گجراتیوں کا قاتل ہے، مودی جیسا بزدل بھی ہمارے حکمرانوں کی خاموشی دیکھ کر شیر بنا ہوا ہے، کشمیر کی ہر بیٹی، بہن اور بھائی کے خون میں آزادی کا نعرہ اتر چکا، ظلم و جبر کے دن گنے جا چکے ہیں۔امیر جماعت نے کہا کہ کشمیریوں کا ایک ہی نعرہ ہے ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے، یہ قوم سید علی گیلانی کی وارث ہے، کشمیریوں کے خون میں تحریک آزادی دوڑ رہی ہے ہم دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری صرف نمائشی سرگرمیوں تک محدود ہے جو انتہائی شرمناک ہے، حکومت کو چاہیے کشمیر پر الگ نمائندہ مشن تعینات کرے اور کشمیر پر موقف سے پیچھے نہ ہٹے ورنہ یہ قوم کبھی معاف نہیں کر گی، یوم یکجہتی کشمیر ریلی اسلام آباد میں آبپارہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی سے نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر جماعت اسلامی راولپنڈی عارف شیرازی، صدر جے آئی یوتھ پنجاب اویس اسلم مرزا اور مرکزی انجمن تاجران کے صدر چوہدری کاشف نے بھی خطاب کیا۔۔











