پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن منشیوں پر مشتمل ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے لکھا کہ عدالتی احکامات کے بعد بھی عام تاثر ہے کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد کی طرح صوبائی الیکشن بھی نہیں کرائے گا، الیکشن کمیشن منشیوں پر مشتمل ہے۔
الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے آج اجلاس منعقد کرنا چاہئے تھا،آئین اور عدالتی احکامات کو مذاق نہ بنائیں،عدالت کے واضع احکامات کے بعد بھی عام تاثر ہے کہ چونکہ الیکشن کمیشن منشیوں پر مشتمل ہے اسلام آباد کی طرح صوبائ الیکشن بھی نہیں کرائے گا ۔آئین کے ساتھ یہ کھلواڑملک کو مہنگا پڑے گا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 12, 2023
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق آئین کے ساتھ یہ کھلواڑملک کو مہنگا پڑے گا، الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے آج اجلاس منعقد کرنا چاہیے تھا۔
جاری بیان میں انہوں نے مزید لکھا کہ بہت ہو گیا، آئین کی بالادستی کیلئے ہماری تحریک بالکل تیار ہے، جیل بھرو سے اس تحریک کا آغاز ہو گا۔
خیال رہےکہ فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے سے متعلق کیس میں گرفتارکیا جا چکا ہے، ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے فواد چوہدری کی مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ اس شرط پر ضمانت منظور کر رہا ہوں کہ فواد چوہدری دوبارہ ایسا بیان نہیں دیں گے، پارلیمنٹیرینز کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔
تاہم رہائی کے فوری بعد اڈیالہ جیل کے باہرکارکنوں سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا تھا کہ عدالت میں بھی کہا ہےکہ جو باتیں کی ہیں اس پر اسٹینڈ کرتا ہوں، ایک لفظ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔









