اسلام آباد(ممتازنیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیرِ صدارت پارٹی کے اسلام آباد چیپٹر کا تنظیمی اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
مریم نواز نے گزشتہ روز منعقد ہونے والے پارٹی تنظیمی کنونشن پر اسلام آباد کی تنظیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عہدیداروں اور کارکنوں کے جذبے کو متاثر کن قرار دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ اسلام آباد کی تنظیم وفاقی دارالحکومت کی نمائندگی کرتی ہے، دیہی اور شہری حلقے کا امتزاج ہونے کی وجہ سے اس کی ذمہ داریاں بھی زیادہ اہم ہیں۔ دیہی اور شہری حلقوں میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مظبوط اور فعال بنایا جائے۔ اسلام آباد کے حلقے روایتی طور پر ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے حامی رہے ہیں اور یہاں کے عوام کی غالب اکثریت مسلم لیگ (ن) کی حامی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کے دیہی اور شہری عوام کے ساتھ رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔
مریم نواز نے اسلام آباد کے دیہی اور شہری حلقوں کے درمیان اشتراک عمل، وارڈ اور یونین کونسلز کی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کو مزید موثر بنانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں پارٹی کے تمام ونگز خاص طور پر نوجوانوں، خواتین اور سوشل میڈیا کے شعبوں کو فعال اور متحرک کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ تنظیمی ڈھانچے میں خواتین، نوجوانوں کی نمائندگی بڑھائی جائے۔ پڑھے لکھے، محنتی، نظریاتی وابستگی رکھنے والے نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے۔
اجلاس میں موجودہ تنظیمی ڈھانچے اور اس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔
مریم نواز نے گزشتہ چار سال کے دور آزمائش میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی ثابت قدمی، بہادری اور نظریاتی وابستگی کو خراج تحسین پیش کیا۔









