راولپنڈی ( ممتازنیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے تعلیمی معیار پر پوری قوم کو فخر ہے اور میڈیکل کی تعلیم میں یہ ملک کا صف اول کا ادارہ ہے اور اس ادارہ سے وابستہ افراد نے سیلاب اور کورونا کے دوران انسانی خدمت کے جذبہ سے کام کیا ہے۔
وہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے 13 ویں کانوکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں ۔

وائس چانسلر آر ایم یو پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر اور نگران وزیر صحت پنجاب جاوید اکرم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کانوکیشن میں ایم بی بی ایس 2016 اور 2017 کے 430 سٹوڈنٹس کو اسناد دی گئیں۔ نمایاں پوزیشنیں لینے والے سٹوڈنٹس کو گورنر پنجاب نے گولڈ میڈلز سے نوازا۔
نگران وزیر صحت پنجاب جاوید اکرام اور وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر کو بھی وائس چانسلر نے شیلڈز پیش کیں۔ گورنر نے والدین اور اساتذہ کے لئے تالیاں بجانے کی اپیل کی تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے ینگ گریجویٹس کے لئے بڑا یادگار دن ہے اور ملک کی ترقی ایسے ہی پڑھے لکھے اور با صلاحیت نوجوانوں سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی صحت کے میدان میں تعمیری کردار ادا کر رہی ہے اور پوری قوم اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل مسیحائی کا شعبہ ہے اور اس شعبہ سے وابستہ ہونا اعزاز کی بات ہے اور تمام پاس آؤٹ ہونے والے سٹوڈنٹس سے گذارش ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔
گورنر بلیغ الرحمن نے کہا کہ علم اور مہارت کے ذریعے آپ قوم کی خدمت کریں کیونکہ یہی ترقی اور انسانیت کی خدمت کا زینہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسرچ لیبارٹری کا قیام میڈیکل کے شعبے میں جدت کے لئے ضروری ہے اور تمام جامعات کو جدید سہولیات اور آلات سے آراستہ کرنا انتہائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد عمر نے اس ادارے کی خدمت کی اور پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹر تعلیمی اداروں کی دل و جان سے خدمت کرنے والے دراصل قوم کے معمار ہیں اور انکی خدمات تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہیں۔
وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پنجاب کی خوش قسمتی ہے کہ بلیغ الرحمن جیسا پڑھا لکھا گورنر ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکڑ محمد عمر نے یونیورسٹی کو چار چاند لگا دیئے ہیں اور یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ادارہ ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں جاری پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایم یو کی تمام فیکلٹی نے تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کیلئے ایک ٹیم کی طرح کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹی میں تعلیم پانے والے سٹوڈنٹس پر ریاست باقاعدہ سرمایہ کاری کرتی ہے اور اب فارغ التحصیل ہونے سٹوڈنٹس کیلئے اس سرمایہ کاری کے لوٹانے کا وقت ہے۔










