بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، ساجد حسین طوری

اسلام آباد(ممتازنیوز) وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے متحدہ عرب امارات کے وزیر انسانی وسائل و ایمریٹائزیشن ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالمنان اور وفد سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر ساجد طوری نے اپنے ہم منصب سے امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور فلاح و بہبود پر تفصیلی بات چیت کی، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی انسانی وسائل کی وزارتوں نے پاکستانی ورکرز کے مسائل مشترکہ طور پر حل کرنے پر اتفاق کیا، دونوں وزراء نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان روزگار کے شعبے میں موجودہ تعاون کو مزید بڑھانے پر رضامندی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات میں پاکستانی افرادی قوت سب سے زیادہ ہے۔امید ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گا۔پاکستان متحدہ عرب امارات میں مزید پاکستانی ہنرمندوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا خواہشمند ہے۔پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالمنان الور نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی معیشت و ترقی میں پاکستانی افرادی قوت کے تعاون کو سراہتے ہیں۔متحدہ عرب امارات پاکستانی کمیونٹی کے حقوق اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔یاد رہے کہ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2023 میں شرکت کے لئے امارات کے دورے پر ہیں۔

دریں اثناء وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے آئی ایل او سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں کے وفود اور وزراء سے ملاقاتیں ہوئیں۔