اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی آئین، قانون اور جمہوریت کا قتل عام کرکے دندناتا پھررہا ہے جبکہ آئین انصاف چاہتا ہے اور تاخیر آئین شکنوں کے حوصلے بڑھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند سیکنڈ میں آئین پامال کرنے والوں کی کئی دن گزرنے کے باوجود گرفت نہ ہونا عوام کو پریشان کر رہا ہے، وفاق کے بعد اب پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں کھلم کھلا آئین شکنی جاری ہے، عوام کے نمائندہ ایوان کو تالے اور خاردار تاریں لگا کر آئین کو روندا جا رہا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کو طاقت اور غنڈہ گردی سے آئین اور سپریم کورٹ کے حکم پر چلنے سے روکا جا رہا ہے جو سراسر بغاوت ہے، ان اقدامات سے عوام اور دنیا کو کیا یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ آئین اور قانون لاوارث ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان آئین، قانون اور جمہوریت کا قتل عام کرکے دندناتا پھر رہا ہے، وہ اپنے ساتھ پورے نظام اور ملک کو ڈبونے پر تل چکا ہے۔
دوسری جانب شہبازشریف نے کہا کہ تحریک انصاف کے کچھ ساتھیوں کا آئین اور قانون کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑا ہونا خوش آئند ہے۔ شہباز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی ہوس نے نیازی اور اس کے بچے کچھے حواریوں کو ذہنی طور پر مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کے کچھ ساتھیوں کا آئین اور قانون کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑا ہونا خوش آئند ہے، آئیں ہم سب آئین اور قانون کی حفاظت اور پاسداری کے لیے یکجا ہو جائیں!۔
ایک بیان میں شہباز شریف نے معاشی دیوالیہ پن کی اطلاعات پر خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کی خبریں عالمی میڈیا سے آرہی ہیں جو اضطراب اور پریشانی کا باعث ہیں، اصل خطرہ یہ ہے کہ خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کرگیا تو کیا ہوگا؟
عمران نیازی آئین، قانون اور جمہوریت کا قتل عام کرکے دندناتا پھررہا ہے، شہباز شریف








