اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے سپریم کورٹ کے متفقہ فیصلے کو جمہوریت کی فتح قرار دیتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈاکٹر رمیش کمار نے ٹویٹ کیا کہ حق آگیا باطل مٹ گیا، بے شک باطل کو مٹنا ہی تھا۔ ڈاکٹر رمیش کے مطابق وقت نے ثابت کردیا کہ منحرف وہ نہیں بلکہ عمران خان منحرف وزیراعظم تھے جنہوں نے اپنے انتخابی منشور سے انحراف کیا، ڈاکٹر رمیش کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو اپنے وعدے یاد دلانے کی بہت کوشش کی، تاہم عمران خان کو خوشامدی مشیران کے غلط مشوروں نے یہ دن دکھایا، ڈاکٹر رمیش کمار کے مطابق وہ چار سال قبل بہت امیدیں لیکر پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے اور اب عمران خان کے عبرتناک انجام پر دکھی ہیں، نیا پاکستان اور ریاست مدینہ کے نعروں سے عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلا گیا۔ ڈاکٹر رمیش نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اعلیٰ عدلیہ نے ایک نئی تاریخ رقم کرکے ملک بھر کے جمہوریت پسند عوام کے دل جیت لئے ہیں، عالمی برادری کی نظر میں پاکستان ایک حقیقی جمہوری ملک بن کر سامنے آیا ہے، عالمی برادری گواہ رہے کہ پاکستانی عوام قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان میں بادشاہت پر یقین رکھنے والوں کو شکست فاش ہوچکی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ وقتی سیاسی مفادات کیلئے امریکہ پر بے بنیاد الزام تراشی کی گئی، حساس سفارتی معاملات پر غیرذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرنا چاہیے تھا، ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال عوامی مفاد کا کوئی نیا پراجیکٹ شروع نہیں کیا گیا، روس سے قریبی تعلقات، چین کے ساتھ سی پیک اور ایران گیس پائپ منصوبوں کی داغ بیل آصف علی زرداری نے ڈالی، عوام نے ہنگامہ آرائی کرنے والے شرپسند عناصر کو مسترد کردیا، ڈاکٹر رمیش کمار نے اس امید کا اظہار کیا کہ تجربہ کار سمجھدار سیاسی قیادت ملک و قوم کی بہتری کا باعث بنے گی۔
سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ، اعلیٰ عدلیہ نے ایک نئی تاریخ رقم کردی،رمیش کمار








