بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرینگے، وزیر خزانہ کی اے ڈی بی کو یقین دہانی

اسلام آباد(ممتازنیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اے ڈی بی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے گا، ریونیو بڑھانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے وفد سے ملاقات کی، جس میں چین کیلئے بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیووی ہوا، بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نور احمد (پاکستان)، تاکی ہیرویاسوئی (جاپان)، سانگ مائی ریو (کوریا)، بینک کے مشیر شن سوکی ساکوگاوا، مشیر رونالڈ سان ہوان اور پاکستان کیلئے بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یی شامل تھے۔
وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں پائیدار ترقی کے فروغ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار اور تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
اسحاق ڈار نے وفد کو ملک کی معاشی صورتحال اور ملک کو درپیش چیلنجز کے ساتھ ساتھ گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب سے ہونیوالے جانی و مالی نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا، انہوں نے وفد کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے اپنے عملی پالیسی فیصلوں سے ناصرف زوال کو روکا بلکہ معیشت کو استحکام اور ترقی کی طرف گامزن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے اور محصولات و پیداوار بڑھانے کیلئے توانائی کے شعبے سمیت اہم شعبوں میں مشکل فیصلے کئے ہیں۔
وزیر خزانہ نے وفد کو آئی ایم ایف مشن کے ساتھ ہونیوالے مذاکرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور حکومت کے موجودہ آئی ایم ایف پروگرام کو مکمل کرنے اور تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفد نے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات اور اہم اقتصادی شعبوں میں پالیسی فیصلوں کو سراہا۔
اے ڈی بی کے وفد نے موسمیاتی فنانسنگ اور ماحولیاتی تحفظ پر بھی تبادلہ خیال کیا، وفد نے بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے ہر طرح کی حمایت اور تعاون کی فراہمی کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اے ڈی بی کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔