اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )لیفٹیننٹ جنرل(ر) طارق خان نےغیر ملکی سازش کی تحقیقات کے لئے کمیشن کی سربراہی سے معذرت کرلی۔سینئرصحافی ارشد شریف کی طرف سے کئے گئے ٹویٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کے قریبی زرائع نے بتایا کہ انہیں کال آئی اور کہا گیا وہ کمیشن کی سربراہی نہ لیں- قریبی زرائع کے مطابق جنرل (ر) طارق خان نے کمیشن کی سربراہی سے اپنی معزرت سے حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے کابینہ کے اجلاس میں تحقیقاتی کمیشن قائم کیا گیا تھا جس کو معاملے کی تحقیقات کیلئے 90 دن دیے گئے تھے۔ فواد چودھری کا کہناتھا کہ کمیشن مقامی ہینڈلرز اور حکومت کی تبدیلی کا تعلق دیکھے گا، 8 سے زائد منحرف ارکان سے غیر ملکی سفارتخانے کے رابطے کا ریکارڈ موجود ہے،کمیشن منحرف ارکان کے رابطوں کی تحقیقات کرے گا، وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد بین الاقوامی سازش کا حصہ ہے، خط کا مواد کل ارکان قومی اسمبلی کے سامنے رکھا جائےگا۔واضح رہے کہ 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے ایک خط لہرایا تھا اور کہا تھاکہ ملک میں باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی، میرے پاس خط ہے جو اس بات کا ثبوت ہے۔
غیر ملکی سازش،لیفٹیننٹ جنرل(ر) طارق خان کا تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی سے انکار








