لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی کو تالے لگا کر کیا ہو رہا ہے نئے انکشافات سامنے آنے لگے۔اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ سے اہم ریکارڈ تلف ہونا شروع ہو گیا ہے ، اہم فائلیں اور ریکارڈ غائب کی جارہی ہیں جب کہ تلف یا غائب کیے جانے والے ریکارڈ میں اسمبلی عمارت کی تعمیر ، مرمت کا ریکارڈ شامل ہے۔ ذرائع اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ نئی ملازمتوں کے حوالے سے ریکارڈ نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا اور کئی اہم فائلوں اور دستاویزات پر جعلسازی بھی کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اہم شخصیت کے حکم پر اسمبلی سیکرٹریٹ ریکارڈ تلف بھی کیا گیا، اہم شخصیت کے تعلق والے قریبی افسران اس کام میں ملوث ہیں، قریبی افسران کی گاڑیوں میں ریکارڈ کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔
ادھراسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین پر میڈیا سے گفتگو کرنے پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ ریکارڈ سے چھیڑ چھاڑ کرنے کیلئے ڈپٹی اسپیکر اور ارکان اسمبلی کے داخلے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’ چور جب بھاگتا ہے‘‘۔ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ثبوت بھی کبھی مٹتے ہیں۔
پنجاب اسمبلی سے اہم فائلیں اور ریکارڈ غائب کرنے کا انکشاف








