بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

میں چاہتا ہوں میری بیٹی کی شخصیت عالیہ جیسی نہ ہو، رنبیر کپور

بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ میری بیٹی راہا کپور کی شکل و صورت عالیہ بھٹ جیسی ہوگی لیکن میں نہیں چاہتا کہ اس کی شخصیت بھی اپنی والدہ جیسی ہو۔

رنبیر کپور نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی بیٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ راہا کی شکل و صورت عالیہ جیسی ہوگی اور اگر وہ عالیہ جیسی نظر آئے گی تو وہ بہت ہی خوبصورت لگے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ لیکن میں چاہتا ہوں کہ میری بیٹی کی شخصیت عالیہ جیسی نہ ہو بلکہ میرے جیسی ہو کیونکہ عالیہ بہت باتیں کرتی ہے اور وہ بہت زیادہ ایکٹو رہتی ہے اور گھر میں ایک ساتھ ایسی دو لڑکیوں کو سنبھالنا میرے لیے کافی مشکل کام ہوگا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس لیے میں امید کرتا ہوں کہ راہا بھی میری طرح خاموش طبیعت اور حوصلے والی ہو تو پھر ہم دونوں مل کر ایک عالیہ کو آرام سے سنبھال سکیں گے۔

رنبیر کپور نے باپ بننے کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اب کوئی چیز اہمیت نہیں رکھتی اور مجھے اس بارے میں بات کرنے سے بھی ڈر لگتا ہے کہ کبھی میری بیٹی مجھ سے دور ہو حالانکہ میں جانتا ہوں کہ اب وہ میری آخری سانس تک میرے ساتھ رہے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ جو محبت میں نے اپنی بیٹی کے لیے محسوس کی ویسی محبت مجھے زندگی میں پہلے کبھی کسی انسان، کسی فلم یا کسی بھی چیز کے لیے محسوس نہیں ہوئی۔